قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کی جانب سے ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر 2021 ایوارڈ ملنے پر ان کے والد اعظم صدیقی نے ایک پیغام دیا۔
انسٹاگرام پر بابر کے والد نے قومی کپتان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ایک طویل پوسٹ لکھی جس میں بیٹے سمیت تمام ایوارڈ یافتہ کھلاڑیوں اور پاکستان ٹیم کی محنت کو سراہا۔
اعظم صدیقی نے لکھا کہ مجھے جتنی خوشی بابراعظم کے ایوارڈ کی ہے اتنی ہی خوشی محمد رضوان، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کو ایوارڈ دیے جانے کی ہے۔
انہوں نے مزید لکھا ایسا نہیں ہے کہ بابر میرا بیٹا ہے اور کپتان بھی بلکہ بابر کو ایک طرف کردیا جائے تب بھی میں وثوق سے کہتا ہوں کہ پاکستان ٹیم انشاء اللہ دنیا کی بہترین ٹیم بن رہی ہے، اس کی ایک وجہ جہاں اچھے کھلاڑی ہیں وہیں ایک خاص کھلاڑیوں کا آپس میں اتفاق، اخلاص اور اعتماد ہے، یہ نوجوان ٹیم آگے اللہ کے فضل سے پاکستان کے لیے بہت کچھ جیتے گی۔
اعظم صدیقی نےٹیم کو سراہتے ہوئے لکھا کہ آپس میں چھوٹے بڑے کا ادب ، ایک دوسرے کا دفاع ، ہنسی مذاق کر نا اور جب میدان میں اترنا تو جیت کا عزم لیے، ہارنے پر بھی ایک دوسرے کو حوصلہ دینا، سینئرز کا جونیئرز کے ساتھ دوستانہ رویہ اور سب سے بڑھ کر انتظامیہ اور پی سی بی کا ہر طرح سے تعاون اور مکمل اختیار پوری ٹیم کے حوصلے بلند کیے ہوئے ہے۔
بابر اعظم کے والد نے لکھا کہ انشاء اللہ یہ ٹیم جو اب تک نا ممکن کو ممکن بنا رہی ہے آگے بھی قوم کی دعا سے فتو حات کا سلسلہ جاری رکھے گی ۔
خیال رہے کہ پی سی بی نے گزشتہ روز سال 2021 کے ایوارڈز کے لیے مختلف کیٹیگریز کے کامیاب کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے جس میں محمد رضوان کو سب سے قابل قدر کھلاڑی اور سال کے بہترین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹر، بابر کو ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر اور شاہین شاہ آفریدی کو سال کے سب سے متاثر کن کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا