کابل: خواتین کے کھیلوں کی سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد

طالبان نے کابل میں خواتین کے کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی لگادی۔

افغان خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کابل میں کئی اسپورٹس کلب کے مالکان کا کہنا ہے کہ خواتین کے کھیلوں کی سرگرمیوں پر پابندی لگادی گئی ہے تاہم انہیں چند ایسے کھیلوں کی سرگرمیوں کی اجازت ہے جس میں فٹنس کا زیادہ عمل دخل ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق اس سلسلے میں امارت اسلامیہ کا کہنا ہے کہ خواتین کو اسلامی اقدار اور افغان ثقافت پر مبنی کھیلوں کی سرگرمیوں کی اجازت دی جائے گی۔

کابل میں تائی کوانڈو اور کوہ پیمائی کی کوچ طاہرہ سلطانی کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ 8 سالوں کے دوران قومی ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر کئی ایوارڈ اپنے نام کرچکی ہیں۔

طاہرہ سلطانی کے مطابق جب سے طالبان اقتدار میں آئے ہیں انہیں ورزش کی اجازت نہیں ہے، ورزش کے لیے جب انہوں نے اسپورٹس کلب سے رابطہ کیا تو انہیں بتایا گیا کہ وہاں خواتین کے ورزش سینٹرز بند ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل طالبان کی جانب سے خواتین کی کرکٹ کھیلنے پر بھی پابندی عائد کی جاچکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں