بنگلا دیش نے نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز ایک گیند پر 7 رنز دینے کا انوکھا کارنامہ اپنے کھاتے میں درج کروایا۔
بنگلا دیش کی ٹیم ان دنوں نیوزی لینڈ کے دورے پر موجود ہے اور مہمان ٹیم کو دوٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
ابھی بنگلا دیشی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں لیے گئے انتہائی عجیب ریویو پر مذاق بنی ہوئی تھی کہ بنگال ٹائیگزر نے ایک اور عجیب کارنامہ انجام دے دیا۔
کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے پہلے روز 26 ویں اوور میں بنگلا دیش کے عبادت حسین کی گیند پر کیوی بلے باز ول ینگ کا ایج نکلا اور گیند سلپ کی جانب گئی۔
دوسری سلپ پر کھڑے فیلڈر نے ڈائیو لگائی لیکن وہ کیچ پکڑنے میں ناکام رہے اور گیند باؤنڈری کی جانب چلی گئی، اس دوران کیوی بلے بازوں نے رن بنانے کے لیے دوڑنا شروع کر دیا۔
باؤنڈری پر کھڑے بنگلا دیشی فیلڈر نے گیند وکٹ کیپر نور الحسین کی جانب پھینکی تو انہوں نے تیسرے رن کے لیے نان اسٹرائیکر اینڈ پر جاتے ینگ کو آؤٹ کرنے کے لیے گیند تھرو کر دی۔
اس بار بھی کوئی فیلڈر گیند کو نہ روک سکا اور گیند تیزی سے باؤنڈری کی جانب جانے لگی، بولر عبادت حسین گیند کے پیچھے دوڑے لیکن وہ گیند کو باؤنڈری پار کرنے سے روکنے میں ناکام رہے اور اس طرح کیوی ٹیم کو ایک گیند پر 7 رنز مل گئے۔