انگلش بلے باز معین علی نے ایک انٹرویو کے دوران پاکستان کے سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق کی کوچنگ سے متعلق کھل کر وضاحت کی۔
معین علی سابق انگلش کپتان ایلسٹر کک کے ہمراہ ایک پروگرام میں شریک تھے اور اس دوران میزبان نے ان سے ثقلین مشتاق کی کوچنگ سے متعلق سوال کیا۔
معین علی نے میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ثقلین مشتاق کا کوچنگ کا وژن بہت ہی شاندار ہے اور ان کا کوچنگ کے حوالے سے اپنا ایک فلسفہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ثقلین مشتاق کا سمجھانے کا انداز دیگر کوچز کے مقابلے میں بالکل ہی مختلف ہے اور میں اس انداز کو دیگر پر ترجیح دیتا ہوں۔
معین علی کا کہنا تھا کہ ثقلین مشتاق کا کوچنگ کا اپنا ایک انداز ہے اور میرے لیے ثقلین مشتاق دنیا کے سب سے بہترین کوچ ہیں۔
خیال رہے کہ ثقلین مشتاق انگلش ٹیم میں بطور اسپن بولنگ کوچ فرائض سرانجام دے چکے ہیں اور مصباح الحق کے مستعفی ہونے کے بعد وہ پاکستان کے عبوری ہیڈ کوچ کی حیثیت سے بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور دورہ بنگلا دیش میں گرین شرٹس کے ساتھ تعینات رہے۔