وفاقی وزير اطلاعات فواد چوہدری نےکہا ہےکہ تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس نارمل تھا، اس میں کچھ بھی نہیں ہوا۔
پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پرویز خٹک اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان ہونے والی گفتگو پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ لوگ اپنے حلقوں کے معاملات اٹھاتے ہیں اور ان پر بات ہوتی ہے ، ہم کوئی بادشاہت میں تو نہیں رہ رہے ۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو مشورہ ہے آپ کی خواہشات کبھی پوری نہیں ہوں گی۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں منی بجٹ کی منظوی سے قبل ارکان قومی اسمبلی کو اعتماد میں لینے کیلئے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا گیا تھا تاہم اجلاس میں معاملہ مزید بگڑ گیا، پرویز خٹک، نور عالم و دیگر ارکان نے منی بجٹ، مہنگائی، اسٹیٹ بینک کی خودمختاری سے متعلق شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر دفاع اور سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ آپ کو وزیراعظم ہم نے بنوایا ہے، خیبرپختونخوا میں گیس پر پابندی ہے، گیس بجلی ہم پیدا کرتے ہیں اور پِس بھی ہم رہے ہیں، اگر آپ کا یہی رویہ رہا تو ہم ووٹ نہیں دے سکیں گے۔