جمہوریہ چیک کی لوک گلوکارہ ہانا ہورکا کورونا کی وجہ سے انتقال کرگئیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق57 سالہ ہانا ہور نے کورونا ویکسین نہیں لگائی اور جان بوجھ کر کورونا کا شکار ہوئی جس کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا تھا کہ وہ ویکسین نہ لگوانے کے باوجود کورونا سے صحت یاب ہو رہی ہیں لیکن دو دن بعد اتوار کو ان کی موت ہوگئی۔
گلوکارہ کے بیٹے نے بتایا کہ میں اور والدکورونا کا شکار ہوئے تاہم ہم دونوں نے مکمل ویکسین لگوائی البتہ ان کی والدہ نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ کورونا ویکسین نہیں لگوائیں گی اور ایسے ہی ہمارے ساتھ رہیں گی۔
بیٹے نے بتایا کہ اتوار کی صبح، جس دن ان کی موت ہوئی ہانا ہور بہتر محسوس کر رہی تھیں لیکن پھر ان کی کمر میں درد ہونے لگا تو وہ اپنے بیڈ روم میں لیٹ گئیں جہاں 10 منٹ بعد ان کا انتقال ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ والدہ کے ساتھ ویکسین لگوانے کی بات کرنے کی کوشش کرنے کا کوئی فائدہ نہیں تھا کیونکہ وہ بہت زیادہ جذباتی تھیں تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ میں اپنی کہانی سنا کر دوسروں کو ویکسین لگوانے کے لیے قائل کر سکتا ہوں ۔
جمہوریہ چیک میں کورونا کیسز کی تعداد روزانہ نئی بلند ترین سطح پر پہنچ رہی ہے ،بدھ کے روز بھی 28 ہزار سے زائدکیسز رپورٹ ہوئے تھے۔