ارطغرل غازی کے اداکار ‘آرتک بے’ انتقال کرگئے

معروف ترک سیریز ارطغرل غازی میں اہم کردار نبھانے والے اداکار آئبرک پیکجن المعروف آرتک بے انتقال کرگئے۔

اداکار کے انتقال کی خبر ڈرامہ کے پروڈیوسر اور ہدایت کار مہمت بوذداغ کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے دی گئی۔

انہوں نے لکھا کہ ہمارے پیارے آئبرک، جنہوں نے ارطغرل غازی میں اپنے شاندار کام کی وجہ سے جان ڈالی، وہ اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ میں اپنے بھائی کے لیے اللہ پاک سے رحم کی دعا کرتا ہوں۔

مہمت نے مزید کہا کہ میں ان کے اہل خانہ اور مداحوں کے لیے اس مشکل وقت میں صبر اور ہمت کی دعا کرتا ہوں۔

کچھ روز قبل آئبرک پیکجن نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے یہ انکشاف کیا تھا کہ وہ پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا ہیں جو آہستہ آہستہ جگر اور گردوں کی جانب بڑھ رہا ہے، اگرچہ ان کا علاج شروع ہوچکا ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ بدقسمتی سے ان کی بیماری کی شروعات میں کسی قسم کی علامات سامنے نہیں آئی تھیں لیکن اب یہ شدت اختیار کرچکا تھا، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی کیمو تھراپی شروع ہوچکی ہے۔

واضح رہے کہ آئبرک پیکجن جنہیں مداح آرتک بے کے نام سے جانتے ہیں، انہوں نے ارطغرل کے دوسرے سیزن سے لے کر پانچویں سیزن تک اداکاری کے جوہر دکھائے، انہوں نے سیریز میں ایک جنگجو حکیم کا کردار نبھایا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں