اکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل)کا ساتواں ایڈیشن آج سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہونے جا رہا ہے، سنسنی خیز میچوں کے مقابلے والے اس ایونٹ میں 6 ٹیمیں آپس میں ٹکرائیں گی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کا آغاز سن 2016 میں ہوا، 6 سیزنز میں دو بار اسلام آباد یونائیٹد نے ٹائٹل اپنے نام کیا جب کہ پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز اور ملتان سلطانز نے ایک ایک بار فائنل جیتا۔
لاہور قلندرز پی ایس ایل کی وہ نمایاں ٹیم ہے جس نے شائقین کرکٹ کو سب سے زیادہ سنسنی خیز میچز دیے لیکن بدقسمتی سے ایک بھی سیزن میں فاتح نہ ہو سکی۔
آئیے جانتے ہیں کہ ایونٹ کی کونسی ٹیم نے سب سے زیادہ میچز جیتے ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ:
اسلام آباد یونائیٹڈ نے اب تک لیگ میں سب سے زیادہ میچز جیتے ہیں، اسلام آباد اب تک 65 میچز کھیل چکی ہے جس میں 36 میچز میں اسے کامیابی حاصل ہوئی اور 28 میچز میں اس کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جب کہ ایک میچ میں ٹائی قانون کے تحت اسلام آباد فاتح قرار پائی۔
اسلام آباد وہ واحد ٹیم بھی ہے جس نے اب تک 2 مرتبہ ٹورنامنٹ کا فائنل جیتا ہے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا پی ایس ایل میں جیت کا تناسب 56.16 فیصد ہے۔
پشاور زلمی:
پشاور زلمی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس ٹیم نے ایونٹ میں سب سے زیادہ میچز کھیلے ہیں جن کی تعداد 70 ہے جس میں سے زلمی کو 38 میں کامیابی اور 31 میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے جب کہ ایک میچ بغیر نتیجے کے ختم ہوا۔
چار مرتبہ ایونٹ کے فائنل میں پہنچنے والی اس ٹیم کی جیت کا تناسب 55.07 ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز:
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اب تک لیگ میں 62 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 32 میچز میں کوئٹہ کامیاب رہا اور 29 میں اس کو شکست ہوئی، لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کی جیت کا تناسب 52.45 فیصد ہے۔
ملتان سلطانز:
پی ایس ایل 2021 کی فاتح ٹیم ملتان سلطانز نے اب تک لیگ میں 43 میچز کھیلے ہیں، جس کو 20 میچز میں کامیابی ملی اور 20 میں ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ دو میچز بغیر نتیجہ ختم ہوگئے اور ایک میچ میں ملتان کو ٹائی قانون کے تحت ہار کا سامنا کرنا پڑا۔
تیسرے ایڈیشن (2018) میں لیگ کا حصہ بننے والی ملتان سلطانز کی ٹیم کی جیت کا تناسب 50 فیصد رہا۔
کراچی کنگز:
کراچی کنگز ایچ بی ایل پی ایس ایل میں 65 میچز کھیل چکی ہے، 28 میچز میں اس کو جیت حاصل ہوئی جب کہ 33 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور دو میچز بغیر نتیجے کے ختم ہوئے۔
کراچی کنگز کے دو میچز ٹائی بھی ہوئے ہیں، کراچی کنگز کا لیگ میں جیت کا تناسب 46.03 ہے۔
لاہور قلندرز:
لاہور قلندرز نے لیگ میں مجموعی طور پر 59 میچز کھیلے ہیں، 22 میں اسے کامیابی ملی جبکہ 35 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، 2 میچز ٹائی بھی ہوئے، اسی طرح ٹائی قانون کے تحت قلندرز نے ایک میچ جیتا اور ایک میں اسے شکست ہوئی۔ لاہور قلندرز کا لیگ میں جیت کا تناسب 38.98 فیصد ہے۔