اسلام آباد: پمز اسپتال کے 260 ڈاکٹرز اور نرسز کورونا میں مبتلا

پاکستان میں کورونا کی پانچویں لہر کے وار جاری ہیں اور اسلام آباد کے پمز اسپتال کے 260 ڈاکٹرز اور نرسز کورونا میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں عملہ کورونا کا شکار ہونے کے باعث پمز اسپتال میں او پی ڈیز کے اوقات کار کم کر دیے گئے ہیں اور ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) زعیم ضیاء کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ایک روز میں 1550 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی اور مثبت کیسز کی شرح 17.13 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب پولی کلینک اسپتال راولپنڈی میں او پی ڈی 31 جنوری تک بند کر دی گئی ہے جبکہ کورونا کیسز میں اضافے کے باعث راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا سے 30 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 8183 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں