قومی ٹیم کے سابق کپتان اور کرکٹ ایکسپرٹ انضمام الحق نے پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے لیے اس وقت ملتان سلطان کی ٹیم کو فیورٹ قرار دے دیا۔
گزشتہ روز ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سنسنی میچ میں ملتان سلطانز کی فتح اور میچ کے اختتام پر انضمام الحق اور سکندر بخت نے اپنا تبصرہ پیش کیا۔
جس دوران انضمام نے ملتان سلطان کو فیورٹ ٹیم قرار دیا اور کہا کہ محمد رضوان کی کپتانی سب سے اہم کردار ادا کرتی ہے جب کہ نسیم شاہ کی بولنگ میں بہت بہتری آرہی ہے۔
انضمام نے دوران گفتگو کہا کہ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے افتخار احمد کو میچ فنش کرکے جانا چاہیے تھا ۔
انھوں نے مزید کہا حسنین کسی میچ میں اچھی بولنگ کرتا ہے تو کبھی آف کلر ہوتا ہے، اس کی رفتار کافی اچھی ہے۔
سکندر بخت بھی سرفراز کے نواز سے ایک اوور کروانے پرحیران نظر آئے اور کہا کہ سمجھ نہیں آیا کہ سرفراز احمد نے نواز سے ایک اوور کیوں کروایا؟
خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ایس ایل کے 7 ویں ایڈیشن کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو6 رنز سے شکست دے دی تھی ،175 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 20 ویں اوور میں 168 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، یوں ملتان سلطانزکی ٹیم 6 رنز سے کامیاب ٹھہری تھی