پی ایس ایل 7: ملتان سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ کو شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 7 ویں ایڈیشن کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو6 رنز سے شکست دے دی۔

175 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 20 ویں اوور میں 168 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، یوں ملتان سلطانزکی ٹیم 6 رنز سے کامیاب ٹھہری۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر ملتان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں4 وکٹوں کےنقصان پر174 رنز بنائے ، شان مسعود 88رنز بناکر نمایاں رہے۔

ملتان سلطانز کی اننگز

ملتان سلطانز کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور کپتان محمد رضوان بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوگئے۔

ایک وکٹ گرنے کے بعد شان مسعود اور صہیب مقصود کے درمیان 50 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم 62 رنز کے مجموعی اسکور پر صہیب 21 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

ملتان کو تیسرا نقصان رائیلی روسو کی صورت میں اٹھانا پڑا ، وہ بھی 21 رنز بناسکے تاہم دوسرے اینڈ سے شان بہترین بیٹنگ کرتے رہے لیکن وہ بھی 88 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے علاوہ ٹم ڈیوڈ 28 اور خوشدل شاہ 8 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ کی جانب سے محمد حسنین نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز

175 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 20 ویں اوور میں 168 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، بین ڈکٹ 47 رنز بناکر نمایاں رہے۔

175 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کا آغاز متاثر کن نہیں تھا، 14 رنز کے مجموعی اسکور پر اوپنر وِل اسمیڈ 3 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

کوئٹہ کو دوسرا نقصان اوپنر احسان علی کی صورت میں اٹھانا پڑا، 24 رنز بناسکے جبکہ بین بھی ڈکٹ 47 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔

تاہم اختتامی اوورز میں افتخار احمد اور جمیز فاکنر نے کچھ مزاحمت کی اور تیزی سے رنز بنائے لیکن وہ بھی اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلواسکے۔

افتخار احمد 13 گیندوں پر 30 اور فاکنر 12 گیندوں پر 18 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

آخری اوور میں کوئٹہ کو جیت کیلئے 8 رنز درکار تھے جبکہ اس کے پاس صرف ایک وکٹ موجود تھی۔

تاہم ڈیوڈ ولی نے نسیم شاہ کو آخری اوور کی پانچویں گیند پر آؤٹ کرکے اپنی ٹیم کو 6 رنز سے کامیابی دلوادی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے خوشدل شاہ، ڈیوڈ ولی اور عمران طاہر نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو ملتان سلطانز  مسلسل 3 میچ جیت کر پہلے نمبر موجود ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو ملتان سلطانز مسلسل 3 میچ جیت کر پہلے نمبر موجود ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں