روس چند روز میں یوکرین پر بمباری اور میزائل حملہ کر سکتا ہے: امریکا

نیو یارک: وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ روس آئندہ چند روز میں یوکرین پر بمباری اور میزائل حملہ کر سکتا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا کے مشیر برائے قومی سلامتی کا کہنا ہے کہ یوکرین پر روسی حملے کا قومی امکان ہے، لیکن یہ نہیں کہہ سکتے کہ پیوٹن نے حملے کا ‘حتمی فیصلہ’ کر لیا ہے۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ روس آئندہ چند روز میں یوکرین پر بمباری اور میزائل حملہ کر سکتا ہے۔

یوکرین پر روس کے حملے کے خدشے کے پیش نظر امریکا نے آئندہ ہفتے تک مزید 3 ہزار فوجی پولینڈ بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

ادھر جرمنی کا کہنا ہے کہ اگر یوکرین پر حملہ ہوا تو امریکا، فرانس اور جرمنی روس کے خلاف سخت پابندیاں لگائیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق روس نے یوکرین کے ساتھ سرحد پر ایک لاکھ سے زائد فوجی جمع کر لیے ہیں۔

تاہم روس نے یوکرین پر حملے کی منصوبہ بندی کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ہے۔

امریکا کے بعد برطانیہ، جاپان اور نیدرلینڈز نے بھی شہریوں کو یوکرین فوری چھوڑنے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ جنوبی کوریا نے اپنے شہریوں کو یوکرین سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اس کے علاوہ اسرائیل نے بھی سفارتی عملے کے اہل خانہ کو یوکرین سے نکالنے کا اعلان کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں