بالی وڈ سپر اسٹارز سلمان خان اور عامر خان کے حوالے سے چہ مگوئیاں کی جارہی ہیں کہ دونوں اداکاروں نے حجاب کی خاطر بھارتی ہندو انتہا پسندوں کے سامنے نعرہ تکبیر بلند کرنے والی مسکان کے لیے 3 کروڑ بھارتی روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر کچھ صارفین کی جانب سے سلمان اور عامر خان کو لے کر یہ دعویٰ سامنے آیا تھا جس کے بعد مداح اپنے تبصروں کے ذریعے دونوں اداکاروں کے اس اقدام کو سراہ رہے تھے البتہ عامر اور سلمان کی جانب سے معاملے پر کسی قسم کی لب کشائی نہیں کی گئی تھی۔
حال ہی میں بھارتی میڈیا نے دونوں اداکاروں سے رابطہ کیا جس کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ سوشل میڈیا پر گردش کرتی خبریں محض افواہوں کے سوا کچھ نہیں ہیں۔
عامر خان اور سلمان خان کے مطابق انہوں نے مسکان کے لیے کسی انعام کا اعلان نہیں کیا اور نہ ہی وہ مستقبل میں ایسے کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
تاہم یہ پہلا موقع نہیں جب سوشل میڈیا صارفین بنا تصدیق کے خبریں شیئر کرتے ہیں جس کے بعد وہ جھوٹی ثابت ہوجاتی ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی ریاست کرناٹک میں تعلیمی اداروں پر حجاب پہننے پر پابندی عائد کردی گئی ہے جس کے خلاف مسلمان طالبعلم اور ان کے والدین سراپا احتجاج ہیں۔
اسی حوالے سے سوشل میڈیا پر گزشتہ ہفتے ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں مسکان نامی طالبہ نے دلیری سے انتہا پسندوں کا مقابلہ کیا اور ان کے ‘جے شری رام’ کے نعروں کے جواب میں با آواز بلند ‘نعرہ تکبیر’ بلند کیا۔