سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ کو تنہا سفر کرنے والی خواتین کیلئے دنیا کا محفوظ ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق برطانوی ٹریول کمپنی کی جانب سے تنہا سفر کرنے والی خواتین کیلئے محفوظ شہروں پر ایک سروے جاری کیا گیا ہے۔
سروے میں خواتین کے رات کے اوقات میں محفوظ تنہا سفر اور صنفی بنیاد پر حملے کے خطرات کا جائزہ لیا گیا اور دونوں شعبوں میں شہروں کو 10 میں سے نمبرز دیے گئے۔
سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ نے ان دونوں معاملات میں 10 میں سے 10 نمبرز حاصل کیے اور خواتین کیلئے دنیا کا محفوظ ترین شہر قرار پایا۔
اسی طرح متحدہ عرب امارات کا شہر دبئی تیسرے نمبر پر خواتین کیلئے دنیا کا محفوظ ترین شہر ہے جس کے خواتین کے رات کے اوقات میں محفوظ تنہا سفر پر 9.43 نمبر اور صنفی بنیاد پر حملے کے خطرات پر 8.64 نمبرز لیے ہیں۔
سروے میں تھائی لینڈ کا شہر چیانگ مائی دوسرے، جاپان کا کیوتو چوتھے اور چین کا انتظامی علاقہ مکاؤ 5 ویں نمبر خواتین کیلئے محفوظ شہر قرار پایا۔