برطانیہ میں 3 دہائیوں میں آنے والا بدترین سمندری طوفان یونس کارن وال کے ساحل سے ٹکرا گیا۔
رپورٹس کے مطابق طوفانی ہواؤں کے سبب کارن وال میں سیکڑوں افراد بجلی سے محروم ہوگئے اور ہزاروں افراد گھروں میں محصور ہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ طوفان کے ٹکرانے کے بعد 122 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور اس کے باعث کئی عمارتوں اور مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹس کے مطابق طوفانی ہواؤں کے باعث کئی مقامات پر درخت اور دیواریں گرنے کے واقعات پیش آئے جس میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ متعدد گاڑیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
اس کے علاوہ کئی پلوں کو بھی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے جبکہ درجنوں فلائٹس بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔
اس حوالے سے جنوبی لندن کے علاقے کروئڈن میں تیز ہواؤں کی وجہ سے لوگوں کے گرنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص تیز ہواؤں کی وجہ سے بچنے کی کوشش کررہا ہے تاہم آخر میں وہ سڑک پر گر جاتا ہے جس کے بعد آس پاس موجود لوگ اسے اٹھانے کیلئے دوڑتے ہیں۔
#VIDEO: People get blown over by the wind as #StormEunice batters people to the ground in Croydon, South #London. (@talkRADIO) pic.twitter.com/KakjHmhJWx
— Saudi Gazette (@Saudi_Gazette) February 18, 2022
اسی ویڈیو میں ایک اور شخص کو بھی تیز ہوا کی وجہ سے سڑک کے بیچوں بیچ گرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔