لاہور میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ق کے وفود کے درمیان ملاقات میں طے کیا گیا ہے کہ سیاسی منظر نامے میں آصف زرداری اور پرویز الٰہی مشاورت سے لائحہ عمل طے کریں گے۔
بلاول ہاؤس لاہور میں پیپلز پارٹی کے صدر آصف زرداری سے پرویز الٰہی کی قیادت میں ق لیگ کے وفد نے ملاقات کی۔
وفد میں طارق بشیر چیمہ، مونس الٰہی، سالک حسین، حسین الٰہی، شافع حسین اور راسخ الٰہی شامل تھے۔
ملاقات کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ق نے مشاورت سے فیصلے کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق مسلم لیگ ق اور پیپلز پارٹی کی قیادت نے ایک دوسرے پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔