روس یوکرین تنازع: پاکستانی سفارتخانہ کیف سے دوسرے شہر منتقل

کیف: روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے باعث پاکستانی سفارتخانہ دارالحکومت کیف سے ٹرنوپل شہر منتقل کر دیا گیا ہے۔

یوکرین میں پاکستانی سفیر نویل کھوکھر کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارتخانہ ٹرنوپل میں آج سے مکمل فعال ہو گا، یوکرین سے نکلنے کے لیے تمام طلباء فوری ٹرنوپل پہنچیں۔

نویل کھوکھر نے مزید کہا کہ یوکرین میں خار کیف سے ٹرنوپل کے لیے ٹرین سروس موجود ہے، ٹرانسپورٹ نہ ملنے پر سفارتخانے کے تعلیمی مشیر کی خدمات حاصل کریں۔

پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ تعلیمی مشیر ٹرانسپورٹ نہ ملنے پر پاکستانی طلباء کو ٹرنوپل پہنچائیں گے، کیف اور ٹرنوپل میں طلباء کی مدد کے لیے دو فوکل پرسن تعینات ہیں۔

نویل کھوکھر نے کہا کہ کیف میں فوکل پرسن کا رابطہ نمبر380681734727ہے جبکہ ٹرنوپل میں فوکل پرسن کا نمبر 380632288874 اور 380979335992 ہے، ان دونوں نمبرز پر معلومات اور مدد کے لیے کال کی جا سکتی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز روس نے یوکرین کے مختلف شہروں پر بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 130 سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں