کراچی میں پیپلز پارٹی کا عوامی مارچ مزار قائد سے اسلام آباد کی جانب روانہ ہو گیا، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عوامی لانگ مارچ کے آغاز میں ہی ’گو سلیکٹڈ گو‘ کا نعرہ لگا دیا۔آج سے شروع ہونے والے عوامی لانگ مارچ کی قیادت کرنے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کراچی میں مزارِ قائد پہنچے، جہاں انہوں نے شرکاء سے خطاب بھی کیا۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت کے 3 سال مکمل ہونے پر کراچی کے عوام احتجاج پر مجبور ہو گئے ہیں، کراچی کے عوام نالائق اور نااہل حکومت سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ کراچی منی پاکستان ہے، ہر صوبے اور ہر زبان والے یہاں بستے ہیں، کٹھ پتلی حکومت کے 3 سا ل ہونے پر کراچی کے عوام احتجاج پر مجبور ہو گئے ہیں، نااہل اور ناجائز وزیرِ اعظم نے کراچی، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختون خوا کے حق پر ڈاکہ مارا ہے، یہ ہر صوبے کے حقوق پر ڈاکہ مار رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ اور حکومتِ سندھ کے ہاتھ پاؤں بندھے ہیں، لیکن سندھ حکومت کم وسائل کے باوجود کراچی کے عوام کی خدمت کر رہی ہے، ہم عمران خان کو بھگائیں گے، عوامی حکومت آئے گی، جب تک کٹھ پتلی، سلیکٹڈ ہے سندھ ترقی کر سکتا ہے نہ پاکستان۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانے کا وقت آ گیا ہے، ہمارا مارچ شروع ہوتے ہی بنی گالا سے چیخیں آئیں گی، ہمارا عوامی مارچ حکومت کے خلاف اعلانِ جنگ ہے۔انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ نے آپ کے ووٹ پر اور جیب پر ڈاکہ مارا ہے، 3 سال ہو گئے ہیں، اب سلیکٹڈ کو جانا ہے، سلیکٹڈ حکومت کو ہم گھر بھیج رہے ہیں، جس کے لیے پیپلز پارٹی کے جیالے صفِ اوّل کا کردار ادا کر رہے ہیں، خان صاحب نے جمہوریت کا جنازہ نکالا ہے، معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔بلاول کا عوام سے مخاطب ہو کر کہنا ہے کہ مجھے آپ کے ساتھ کی ضرورت ہے، ہم 1973ء کے آئین اور مساوات پر مبنی معیشت کا تحفظ کریں گے، ہر پاکستانی کے حقوق کا تحفظ کریں گے، جب بھی عوام کو حق ملا، پیپلز پارٹی کی حکومت میں ملا ہے، پیپلز پارٹی نے 18 ویں ترمیم کی صورت میں صوبوں کو حقوق دیے، یہ حکومت 18 ویں ترمیم ختم کر رہی ہے، این ایف سی ایوارڈ نہیں دے رہی۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ عمران خان نے کرپشن کے خاتمے کا وعدہ کیا تھا، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق 3 سال میں کرپشن کے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں، آج سے اسلام آباد تک کا سفر شروع ہو رہا ہے، جہاں پہنچ کر اس حکومت پر حملہ کریں گے۔
Load/Hide Comments