پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہمارا مارچ ایک عوامی تحریک میں بدل چکا ہے۔ جس شہر سے گزرے، مارچ کے شرکاء میں اضافہ ہوا ہے۔
لانگ مارچ کے کنٹینر گفتگو میں بلاول نے کہا کہ تمام جماعتوں کی ایک ہی منزل ہے کہ ملک میں صاف و شفاف الیکشن کروانے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کو گھر بھیجنا ہے اس لیے ضروری ہے کہ انتخابی اصلاحات اور صاف و شفاف الیکشن کی طرف بڑھا جائے۔
اس سے قبل گجرات میں عوامی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان آپ کے ووٹوں کی وجہ سے نہیں امپائر کی انگلی کی وجہ سے اقتدار میں ہیں، وہ اتنے خوفزدہ ہیں کہ اب وہ گالی دینے پر اتر آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان میں ہمت ہے تو 24 گھنٹے میں اسمبلی توڑیں اور نئے الیکشن میں ہمارا مقابلہ کریں۔
واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کا عوامی مارچ اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے، مارچ کے استقبال کے لیے جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ لگائے گئے جبکہ جیالوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے، کہیں بینڈ باجے کی دھنوں پر پیپلزپارٹی کے ترانے بجائے گئے تو کہیں بلاول بھٹو زرداری کے استقبال کے لیے گھوڑےسجاکر لائے گئے ۔