وفاقی وزیر مونس الٰہی کا جہانگیر ترین کے صاحبزادے سے رابطہ

اسلام آباد: وفاقی وزیرمونس الہٰی نے جہانگیر ترین کے صاحبزادےعلی ترین سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ عون چوہدری نے علی ترین اورمونس الہٰی کی ٹیلی فون پر بات چیت کرائی جس میں وفاقی وزیر نے علی ترین سے ان کے والد جہانگیر ترین کی خیریت دریافت کی جب کہ دونوں کے درمیان ملکی سیاسی معاملات پر بھی گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے مطابق عون چوہدری نے جہانگیر ترین کو پرویز الٰہی سے ہونے والی ملاقات سے بھی آگاہ کیا ہے۔

دوسری جانب جہانگیرترین گروپ نے آج اہم مشاورتی اجلاس طلب کیا ہے جو سہ پہر تین بجے ماڈل ٹاؤن میں جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر ہوگا جس میں سیاسی رابطوں کے نتیجے میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

واضح رہےکہ گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ترین گروپ کے رہنما عون چوہدری نے اسلام آباد میں چوہدری برادران سے ملاقات کی ہے، ترین گروپ اور چوہدری برادران کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ایک تقریب سے خطاب میں مونس الٰہی نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں لہٰذا وزیراعظم اپنی جماعت کو پیغام دیں کہ گھبرانا نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں