اسلام آباد: سندھ ہاؤس پر دھاوا بولنے والے پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار کارکنوں کو رہا کر دیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کو شخصی ضمانت پر رہا کیا گیا، علاقہ مجسٹریٹ سے ضمانت ملنے کے بعد تمام کارکنوں کو رہا کیا گیا۔
پی ٹی آئی کارکنوں پر کار سرکار میں مداخلت اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، مقدمے میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی بھی شامل تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے کارکنوں نے اراکین قومی اسمبلی کے ہمراہ سندھ ہاؤس پر دھاوا بولا تھا، تحریک انصاف کے کارکن سندھ ہاؤس کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور توڑ پھوڑ بھی کی۔
اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے 13 کارکنوں کو گرفتار کر کے تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کیا تھا جبکہ وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل تھانے پہنچ کر پی ٹی آئی ایم این ایز کو چھڑوا کر ساتھ لے گئے تھے۔