کراچی کے تاجروں نے شکوہ کیا ہے کہ وزارت خزانہ تجاویز مان لیتی ہے لیکن ان پر عمل نہیں کرتی ہے۔
چیئرمین ایف بی آر آئندہ مالی سال کے بجٹ پر مشاور ت کے لیے کراچی چیمبر تشریف لائے، اس موقع پر صدر کراچی چیمبر محمد ادریس نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔
اس دوران چیئرمین بزنس مین گروپ نے نشاندہی کی کہ عالمی مارکیٹ میں اجناس کے دام بڑھنا اور ملک میں ڈالرکا بھاؤ ایف بی آر کی ٹیکس آمدنی اور مہنگائی بڑھا رہا ہے جس کے لیے چیئرمین بزنس گروپ نے تجویز پیش کی کہ امپورٹ ڈیوٹیز 150 روپے ڈالر ریٹ پر وصول کی جائے۔
چیئرمین ایف بی آر نے چیمبر کی مرتب کردہ بجٹ تجاویز کو سنا اور آئندہ سال کے بجٹ میں انہیں شامل کرنے پر مشاورت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
چیئرمین ایف بی آر نے کراچی چیمبر کے ممبران کو صنعتی ایمنسٹی سے فائدہ اٹھانے کی تجویز دی ہے۔
چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس بار بار جانے سے ہمارے معاملات پیچیدہ ہوئے ہیں، ملک میں سیلزٹیکس کی شرح بلند ہے ، بجٹ میں مراعات ختم کرکے سیلزٹیکس کا ریٹ کم کرنے پر توجہ ہے۔
دوسری جانب چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق احمد کے دورہ کراچی چیمبر کے موقع پر تاجروں نے کہا کہ امریکی ڈالر کے بھاؤکی وجہ سے جمع ہونے والا اضافی ٹیکس مہنگائی کا سبب ہے۔