تحریک عدم اعتماد سے پہلے اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو بڑا سرپرائز دیا گیا اور بڑی حکومتی اتحادی ایم کیو ایم نے بھی اپوزیشن کے حق میں ووٹ دینے کا معاہدہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق متحدہ اپوزیشن اور ایم کیو ایم کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی حکومت نے بظاہر قومی اسمبلی میں اکثریت کھو دی ہے، حکومت کے قومی اسمبلی میں نمبر 164 رہ گئے جبکہ متحدہ اپوزیشن کے نمبرز 177 تک پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منحرف حکومتی ارکان کے بغیر ہی متحدہ اپوزیشن کو قومی اسمبلی میں اکثریت مل گئی ہے تاہم اس حوالے سے باضابطہ اعلان ہونا باقی ہے۔
اپوزیشن ذرائع کے مطابق ایم کیوایم تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کا ساتھ دے گی اور اس حوالے سے دونوں کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے۔
ڈرافٹ پر ایم کیوایم پاکستان اور متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں کے دستخط ہوگئے ہیں اور معاہدے کی تصدیق چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور ایم کیو ایم کے سینیٹر فیصل سبزواری نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے کردی ہے۔
متحدہ اپوزیشن اور ایم کیوایم کے درمیان معاہدہ ہوچکا ہے، ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی اور پی پی پی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی مذکورہ معاہدے کی توثیق کریں گے، جس کے بعد ہم انشاء اللہ کل میڈیا کو پریس کانفرنس میں تفصیلات بتائیں گے۔
مبارک ہو پاکستان https://t.co/60GpbqFmAA— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) March 29, 2022
ایم کیو ایم کے سینیٹر فیصل سبزواری نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ متحدہ اپوزیشن اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے درمیان معاہدے نے حتمی شکل اختیار کر لی ہے جبکہ پیپلز پارٹی کی سی ای سی اور ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کی جانب سے مجوزہ معاہدے کی توثیق کے بعد باضابطہ طور پر میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔
متحدہ اپوزیشن اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے درمیان معاہدہ نے حتمی شکل اختیار کر لی ہے
پیپلز پارٹی کی سی ای سی، ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی مجوزہ معاہدے کی توثیق کے بعد اس کی تفصیلات سے کل شام۴ بجے باضابطہ میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔
@MQMPKOfficial @PPP_Org @pmln_org— Faisal Subzwari (@faisalsubzwari) March 29, 2022
اس کے علاوہ پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی کے بیان کے مطابق اپوزیشن اور ایم کیو ایم رہنماؤں کے درمیان مشترکہ پریس کانفرنس آج شام 4 بجے اسلام آباد میں ہوگی۔
گیم اوور عمران خان: شازیہ مری کا ٹوئٹ
رہنما پیپلز پارٹی شازیہ مری نے سوشل میڈیا پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھاکہ’گیم اوور عمران خان’۔
— Shazia Atta Marri (@ShaziaAttaMarri) March 29, 2022
خیال رہے کہ متحدہ اپوزیشن نے عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کروا رکھی ہے جس پر بحث 31 مارچ کو ہوگی، آئین کے تحت رائے شماری، تحریک پیش ہونےکے تین دن بعد اور 7 دن سے پہلےکرانا ضروری ہے۔