ملک میں اس وقت قبضے اور پی سی او والی حالت ہے: مریم اورنگزیب

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہےکہ ملک میں پی سی او اور قبضے والی حالت ہے، آئین معطل اور ملک سنگین آئینی، سیاسی اور معاشی بحران سےدوچارہے۔

ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے 3 اپریل کوپاکستان کے آئین اور عوام کے ساتھ کھلواڑکیا، آئین شکن ٹولہ 22 کروڑ عوام اور آئین کےساتھ خطرناک کھیل کھیل رہاہے جب کہ ایوان صدر اور وزیراعظم ہاؤس پرآئین شکن ٹولےکاقبضہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے، ملک میں پی سی او اور قبضے والی حالت ہے، آئین معطل اور ملک سنگین آئینی، سیاسی اور معاشی بحران سےدوچارہے، عمران خان کے احکامات کی کوئی آئینی وقانونی حیثیت نہیں، عمران خان کا جو بھی حکم مانےگا اس جرم میں حصہ دارہوگا۔

لیگی ترجمان کاکہنا تھاکہ عمران خان کا جو بھی حکم آئے گا آرٹیکل 6 کا سامنا کرنا پڑے گا، عمران خان نے ساڑھے 3 سال معیشت، پارلیمنٹ، الیکشن کمیشن اور میڈیا سمیت دیگر اداروں کو یرغمال بنایا، اب مہنگائی، غربت اوربھوک سے پسی عوام کواپنے غیر آئینی اقتدارکے ذریعے یرغمال بنائے ہوئے ہے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عمران خان بیرونی سازش کے جھوٹ سے اپنی نالائقی،کرپشن اورتاریخی ناکامیاں چھپانے کی کوشش کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں