وزارت اعلیٰ کیلئے ہمارے پاس 200 ووٹ تھے: حمزہ کا دعویٰ

لاہور: پنجاب اسمبلی میں متحدہ اپوزيشن کے وزارت اعلیٰ کے امیدوار حمزہ شہباز نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے پاس وزارت اعلیٰ کے لیے 200 ووٹ تھے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں حمزہ شہباز نے کہا کہ ہماری اکثریت پر پرویز الٰہی نے اپنی شکست دیکھ کر6 منٹ میں اجلاس ملتوی کردیا لیکن اگر اب تماشا لگانےکی کوشش کی توتمام حالات کےذمہ دار پرویزالٰہی ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ بدھ کو میدان لگے گا اور وزیراعلیٰ منتخب ہوگا، پرویز الٰہی شیشے توڑنے کا الزام لگا کر 40 ممبران کو معطل کرنا چاہتے ہیں ، اسپیکرکوڈائریکشن ملنی چاہیےکہ وہ ووٹ ڈالنے میں رکاوٹ نہیں بنیں گے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پرویزالٰہی صاحب آپ ایوان میں عددی اکثریت دکھادیں ہم قبول کریں گے۔

یاد رہے کہ 3 اپریل کو پنجاب اسمبلی میں نئے وزیراعلیٰ کے چناؤ کے لیے ووٹنگ ہونا تھی تاہم ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے ایوان کے اندر ہونے والی ہنگامہ آرائی کو جواز بنا کر اجلاس 6 اپریل تک ملتوی کر دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں