چینی اور برطانوی وزرائے اعظم شہباز شریف کیساتھ کام کرنے کیلئے پر عزم

چینی وزیراعظم لی کی چیانگ اور برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور ساتھ ہی ان کے ساتھ کام کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔

چینی وزیراعظم نے شہبازشریف کے ساتھ کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہماری دوستی چٹان کی طرح مضبوط اور ناقابل تسخیر ہے، سی پیک کی اعلیٰ معیار کی تعمیر کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔

اس کے علاوہ شہباز شریف کو سعودی شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کے لیے دعا گو ہیں۔

ادھر برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے بھی شہباز شریف کو وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے ساتھ ملکر مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔

دوسری جانب شہبازشریف نے مبارکباد دینے پر تمام غیر ملکی رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دوستانہ تعلقات کومزید توسیع دےکر اگلے درجے تک لے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں