جب سے پیدا ہوا ہوں یہی سن رہا ہوں فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں: شیخ رشید

سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے جب سے پیدا ہوا ہوں یہی سن رہا ہوں کہ فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اپنے ایک بیان میں سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اگلے ماہ کی 30 تاریخ تک سب ایکسپوز ہو جائے گا کہ کس طرح عمران خان کو اقتدار سے اتارا گیا، روک سکیں تو یہ روک لیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے میں سازش کا لفظ نہیں ہے، ڈیمارش صرف سازش پر نہیں دیے جاتے اور بھی وجوہات ہوتی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں صدر کے چیمبر میں دو اعلیٰ افسران کی ملاقات سے متعلق مجھے کوئی علم نہیں، عوام اور سیاسی جماعتوں سے درخواست ہے فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹیں، ہمیں اس معاملے سے باہر رکھا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں