دنیا کا سب سے مہنگا اور نایاب تربوز، جس کی قیمت جان کر حیران رہ جائیں گے

پاکستان سمیت دنیا بھر میں گرمی کے موسم میں تربوز ایک ایسا پھل ہے جسے ہر کوئی شوق سے کھاتا ہے اور عام طور پر اس کی قیمت بھی کم ہوتی ہے۔

دنیا بھر میں اگائے جانے والے تربوز کی 12 سو سے زائد اقسام ہیں لیکن آج ہم آپ کو ایک ایسے تربوز کے بارے میں بتانے جارہے ہیں جس کی قیمت سن کر آپ حیران رہ جائیں گے جبکہ وہ آسانی سے ملتا بھی نہیں ہے۔

رپورٹس کے مطابق جس مہنگے اور نایاب تربوز کی قسم کے بارے میں ہم آپ کو بتانے جارہے ہیں اس کا نام ‘ڈینسیوک ‘ ہےجو صرف جاپان کے ایک جزیرے ہوکائیڈو میں اگتا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ڈینسیوک قسم کے تقریباً 100 تربورز ہی سالانہ ہوکائیڈو کے شمالی جزیرے پر اگائے جاتے ہیں اسی وجہ سے اس تربوز کا شمار دنیا کے نایاب ترین پھلوں میں کیا جاتا ہے۔

یہ تربوز عموماً آپ کو بازار یا گروسری مارکیٹ میں نہیں ملے گا کیونکہ اسے انتہائی متوقع ایونٹس میں ہزاروں ڈالرز میں نیلام کیا جاتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تاریخ کا سب سے مہنگا ڈینسیوک تربوز 2019 میں 6 ہزار ڈالرز ( تقریباً 10 لاکھ پاکستانی روپے ) سے زائد میں نیلام ہوا لیکن کورونا کی وجہ سے گزشتہ دو سالوں میں اس کی قیمتوں میں کمی آئی ہے لیکن پھر بھی تربوز کی یہ قسم اب تک دنیا کی سب سے مہنگی قسم ہے۔

اپنے سیاہ اور چمکدار بیرونی حصے کی وجہ سے مشہور ڈینسیوک کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ تربوز کی دیگر اقسام کے مقابلے میں زیادہ میٹھا ہوتا ہے جبکہ اس میں بیج بھی کم ہوتے ہیں۔

اگرچہ پھلوں کی نیلامی میں سالانہ فصل کی پہلی لاٹ سب سے زیادہ قیمت میں فروخت ہوتی ہے لیکن کہا جاتا ہے کہ ڈینسیوک تربوز عام طور پر تقریباً ڈھائی سو ڈالر فی تربوز کی قیمت پر خریدے جا سکتے ہیں ۔

یہ رقم دنیا میں کسی بھی پھل کو خریدنے کے عوض دی جانے والی سب سے زیادہ قیمت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں