عمران خان کی حکومت کےخاتمےکے بعد نئی کابینہ کا پہلا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں 7 نکاتی ایجنڈا پیش کیا جائےگا، وفاقی کابینہ کو معاشی صورتحال، توانائی اور امن عامہ پربریفنگ دی جائےگی۔
وفاقی کابینہ کے ایجنڈے میں ای کیبنٹ سسٹم پر بریفنگ بھی شامل ہے جبکہ کابینہ کو ملکی معاشی، اقتصادی صورت حال پر بریفنگ دی جائے گی۔ وفاقی کابینہ نے 19 اپریل کے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔
شہباز شریف کے وزیر اعظم بننے کے 9 روز بعد وفاقی کابینہ نے حلف اُٹھالیا، حلف اٹھانے والوں میں ن لیگ کے 13، پیپلز پارٹی کے 9 وزرا اور ایم کیوایم کے 2 ارکان شامل ہیں۔
نئی کابینہ کے تحت رانا ثناء اللہ نے بطور وزیر داخلہ، مریم اورنگ زیب نے وزیر اطلاعات، مفتاح اسماعیل نے وزیر خزانہ، احسن اقبال وزیر منصوبہ بندی، خواجہ سعد رفیق وزیر ریلوے، امین الحق وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن، طارق بشیر چیمہ وزیر فوڈ سکیورٹی، مولانا اسعد محمود وفاقی وزیر مواصلات، مفتی عبدالشکور وزیر مذہبی امور، سینیٹر طلحہ محمود وزیر سیفران، شاہ زین بگٹی وزیر انسداد منشیات اور اسرار ترین نے بطور وفاقی وزیر دفاعی پیداوار کا چارج سنبھال لیا ہے۔
شہباز شریف کی کابینہ میں شیری رحمان موسمیاتی تبدیلی کی وزیر جبکہ حنا ربانی کھر وزیرمملکت برائے خا رجہ امور مقرر کی گئی ہے۔