’نواز شریف عید کے بعد پاکستان میں نظر آئیں گے‘

اوکاڑہ : مسلم لیگ ن کے رہنما رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف نے کہا ہے نواز شریف عید کے بعد پاکستان میں نظر آئیں گے۔

اپنے ایک بیان میں جاوید لطیف نے کہا کہ نواز شریف پاکستان آکر آئین اور قانون کے مطابق مقدمات کا مقابلہ کریں گے اور ہمیں عدالتوں کے تمام فیصلے قبول ہوں گے ۔

جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے وزیر خارجہ کے لیے بلاول کا ہی نام دیا تاہم بلاول بھٹو زرداری لندن واپسی پر وزیر خارجہ کا حلف اٹھائیں گے۔

پنجاب میں وزیراعلیٰ کے حلف اٹھانے کے معاملے پر انھوں نے کہا کہ مرکزکی طرح پنجاب میں بھی آئین شکنی کی گئی ہے۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کے لیے عائد شرائط کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کرلی ہے، جس پر لاہور ہائیکورٹ کا 2 رکنی بینچ آج درخواست پر سماعت کرے گا۔

خیال رہے کہ عدالت نے 16 نومبر 2019 کو نواز شریف کوعلاج کی غرض سےبیرون ملک جانےکی اجازت دی تھی جس کے بعد 19 نومبر 2019 کو وہ علاج کے لیے لندن روانہ ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں