’کابینہ کا نام پڑھیں لگتا ہے سینٹرل جیل کا حاضری رجسٹر ہے‘

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے وزیراعظم شہباز شریف کی نو منتخب کابینہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

اپنے ایک بیان میں فواد چوہدری نے وفاقی کابینہ کی تشکیل پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سارے بڑے ڈاکو کابینہ میں شامل ہو گئے ہیں۔

فواد چوہدری نے وفاقی کابینہ کو چوں چوں کا مربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ کا نام پڑھیں تو لگتا ہے سینٹرل جیل کا حاضری رجسٹر ہے۔

دوسری جانب وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے فواد چوہدری کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ اب سینٹرل جیل کے حاضری رجسٹر کا صفحہ پلٹ چکا ہے، اب آئین شکن اور گھڑی چور جیلوں میں جائیں گے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے حلف اٹھانے کے 9 روز بعد وفاقی کابینہ نے گزشتہ روز حلف اٹھایا تھا جس میں مسلم لیگ ن سے 13 اور پیپلز پارٹی سے 9 ارکان شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں