برطانیہ کے شہزادہ ہیری نے امریکا کو اپنا اصل گھر قرار دیدیا ہے۔
ایک انٹرویو میں شہزادہ ہیری نے تصدیق کی اب امریکا ہی ان کا گھر ہے جبکہ اس سے پہلے شہزادہ ہیری کے وکیل نے لندن ہائیکورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ برطانیہ ہی شہزادہ ہیری کا گھر ہے اور یہی ان کا ہمیشہ گھر رہے گا۔
اس انٹرویو میں شہزادہ ہیری نے سکیورٹی اور دیگر وجوہات کو بنیاد بنا کر یہ امکان بھی ظاہر کیا کہ وہ اپنی دادی یعنی ملکہ برطانیہ کی جون میں ہونے والی پلاٹینم جوبلی تقریبات میں شرکت نہیں کریں گے۔
شہزادہ ہیری نے یہ بات نیدرلینڈز میں امریکی صحافی کو انٹرویو میں بتائی۔
انہوں نے اپنے والد اور ولی عہد شہزادہ چارلس اور بھائی شہزادہ ولیم کی کمی محسوس ہونے سے متعلق سوال کا جواب دینے سے بھی گریز کیا۔
ہیری کا کہنا تھا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ملکہ برطانیہ محفوظ رہیں اور ان کے گرد صحیح افراد موجود ہوں۔
شہزادہ ہیری کو اس متنازع انٹرویو پر برطانیہ میں عوام کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔