شعیب اختر کی سچن کو سالگرہ کی مبارکباد پر شان کیوں خفا ہوگئے؟

عمران خان کے حمایتی اداکار شان شاہد قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر سے ناراض دکھائی دے رہے ہیں۔

شعیب اختر نے گزشتہ روز سابق بھارتی لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر کو ٹوئٹر پر سالگرہ کی مبارکباد دی اور ان کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں سچن ٹنڈولکر کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ آپ کا دن بہت اچھا گزرے گا۔

اس ٹوئٹ پر شان شاہد نے ردعمل دیا اور شکوہ کیا کہ واہ بھائی! ان کی سالگرہ تو آپ کو یاد ہے لیکن گزشتہ برس 5 اکتوبر کو عمران خان کی سالگرہ، آپ کو یاد نہیں رہی۔

اداکار نے کہا کہ عمران خان کی سالگرہ پر، آپ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ان کے لیے کوئی پیغام سامنے نہیں آیا تھا۔

تاہم شان شاہد کی اس تنقید پر تاحال شعیب اختر کا کوئی ردّعمل سامنے نہیں آیا۔

شان شاہد کی ٹوئٹ پر معروف کامیڈین و میزبان مصطفیٰ چوہدری نے جواب دیا اور لکھا کہ ‘بھائی،کیا یہ آئی سی سی کی کتاب میں لکھا ہے کہ خان صاحب کی سالگرہ پر مبارکباد دینا لازمی ہے؟’

جواب میں اداکار نے کہا ‘بھائی سچن کو دے رہے تھے، تو سوچا شاید خان صاحب بھی یاد ہوں، آپ بولر تو نہیں لیکن فیلڈنگ اچھی کررہے ہیں’۔

اپنا تبصرہ بھیجیں