پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن کیخلاف درخواست انٹر کورٹ اپیل کیساتھ آج ہی سنی جائے گی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فارن فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کی الیکشن کمیشن کے خلاف درخواست کو انٹرا کورٹ اپیل کے ساتھ آج ہی سننے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی ٹی آئی کا ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کی مبینہ جانبداری کیخلاف درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے کنڈکٹ کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی کرتے جانبداری کا مظاہرہ کر رہا ہے، الیکشن کمیشن پی ٹی آئی اکاؤنٹس کی طرح 17 سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی اسکروٹنی سے انکاری ہے، الیکشن کمیشن کے رویے سے پی ٹی آئی متاثرہ پارٹی ہے۔

پی ٹی آئی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو 17 سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی چھان بین کا حکم دیا جائے، حکم دیا جائے کہ اسٹیٹ بینک تمام سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی چھان بین کرے۔

درخواست گزار کے وکیل شاہ خاور ایڈووکیٹ نے کہا کہ پی ٹی آئی کو کچھ اکاؤنٹس کی اسکروٹنی کا سامنا ہے، فرخ حبیب نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دے رکھی ہے۔

شاہ خاور ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن میں ان کا کیس سست روی کا شکار ہے، پی ٹی آئی کو باقیوں سے الگ کرکے ہماری چیزوں کو ہائی لائٹ کیا جاتا ہے۔

عدالت نے کہا کہ یہی سوال آپ نے انٹرا کورٹ اپیل میں نہیں اٹھایا؟ وہ اپیل بھی آج لگی ہوئی ہے، انٹرا کورٹ اپیل کو ڈویژن بینچ سن رہا ہے اور آج ہی سماعت کے لیے فکس ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن کے خلاف درخواست پر سماعت آج ہی انٹراکورٹ اپیل کے ساتھ ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں