مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے عمران خان کے وجود کو پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ قومی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی اور سازش قبول نہیں کریں گے۔
ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے (ن) لیگ کے رہنما ملک احمد خان نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں پر بہتان غداری ہے، ایک جھوٹا اور مکروہ شخص اپنی انا کی خاطر پاکستان کی سلامتی کو داؤ پر لگا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جھوٹ کی بنیاد پر ریاست کی سالمیت کو خطرہ میں ڈالتے ہیں تو کیا غداری نہیں ہے، فوج جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے، اگر ان پر ہرزہ سرائی کی گئی تو برداشت نہیں کریں گے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کے نام پر فساد برپا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جس نے عمران خان پر احسان کیا اس کو نقصان پہنچایا، جہانگیر ترین اور علیم خان کو فون کرکے ہتھکڑی لگوائی۔
لیگی رہنماؤں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ کا حلف ہو گیا تو عدم اعتماد کا جواز نہیں بنتا، اسپیکر کو قائم مقام اسپیکر بننے کے لیے اسمبلی چھوڑنا ہو گی، انتظامیہ پھولوں سے استقبال کرے اگر ان کے خلاف عدم اعتماد آئی تو پھر انہیں اسمبلی آنا پڑے گا۔
ان کاکہناتھا کہ عمران خان کا وجود پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔ عمران خان کی مماثلت احمد شاہ رنگیلا سے دی جا سکتی ہے سراج الدولہ سے نہیں۔