لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہےکہ عمران نیازی آئین شکنی کرنا چاہتا تھا اگر رات کو سپریم کورٹ کے دروازے نہ کھلتے تو آج پاکستان میں کوئی آئین نہ ہوتا۔
پاکپتن میں میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران نیازی کی باتیں اور اقدامات پاکستان کی سلامتی کے خلاف ہیں، دوست ممالک بھی ان کی بدزبانی کا نشانہ بنے ، عمران نیازی کو عوام کی عدالت میں بھی جواب دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کے خلاف زہر آلو د گفتگو کرنے والوں کو جواب دینا ہوگا، ہارا ہوا شخص قومی اداروں،آئین اور ملکی سلامتی سے مذاق کررہا ہے،بہت جلد عمران نیازی کو سارے گناہوں کاحساب دینا ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عمران نیازی آئین شکنی کرنا چاہتا تھا اگر رات کو سپریم کورٹ کے دروازے نہ کھلتے تو آج پاکستان میں کوئی آئین نہ ہوتا، مہنگائی نے عوام کو ذہنی مریض بنادیا ہے، چند دنوں میں عوامی فلاح کا ایجنڈا سامنے لائیں گے۔