پاکستان بزنس کونسل نے تیل پر ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان بزنس کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ معاشی استحکام کے تمام راستے عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف ) سے ہو کر گزرتے ہیں اور اگر آئی ایم ایف کا پروگرام بحال نہ ہوا تو دوست ملکوں کی جانب سے بھی مدد متوقع نہیں۔
پاکستان بزنس کونسل نے مطالبہ کیا کہ ایندھن پر سب کو سبسڈی دینے کے بجائے ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائے، حکومت کو چاہیے کہ ایندھن کے استعمال اور درآمد کو محدود کرنے کی کوشش کرے تاہم بے عملی کے سنگین نتائج ہوں گے۔
پاکستان بزنس کونسل نے مزید کہا کہ تیل پر سبسڈی جاری رکھی گئی تب بھی ملک مہنگائی سے بچ نہیں سکے گا، بہتر یہ ہو گا کہ مزید معاشی مشکلات سے بچنے کے لیے فیصلہ کیا جائے۔