وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق اجلاس ہوا جس میں پولیس افسران نے انہیں کراچی کے علاقے کھارادر میں ہوئے بم دھماکے پر بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے کھارادر میں بم دھماکے کے بعد رات گئے وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس منعقد کیا گیا جس میں مراد علی شاہ کا کہنا تھاکہ ظاہر ہوتا ہے دہشت گرد متحرک ہو رہے ہیں، پولیس اور انٹیلی جنس کے ادارے اپنا کام تیز کریں۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ کو پولیس کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ دھماکے میں 4 کلو بارودی مواد کے ساتھ بال بیرنگ بھی استعمال کیے گئے۔
اس مو قع پر وزیراعلیٰ سندھ نے سکیورٹی حکام کو ہدایت کی کہ انہیں ہر صورت دہشت گرد سلاخوں کے پیچھے چاہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے کھارادر میں دھماکے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور 16 کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں۔