ڈیرہ بگٹی میں ہیضہ کی وبا پر بڑی حد تک قابو پالیا: ڈپٹی کمشنر

ڈیرہ بگٹی کے ڈپٹی کمشنر ممتاز کھیتران کا کہنا ہے کہ ضلع میں ہیضہ کی وبا پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے۔

ممتاز کھیتران نے کہا کہ اسپتالوں میں ہیضہ کے 30 سے 40 مریض داخل ہیں جب کہ دیگر کو ڈسچار ج کردیا گیا ہے۔

ممتاز کھیتران کا کہنا تھا کہ ہیضہ کی وبا سے اسپتالوں میں 6 اموات ہوئی ہیں تاہم گھروں میں ہونے والی اموات کے اعدادوشمار حاصل کرنے کے لیے سروے شروع کرارہے ہیں جب کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو مالی معاوضہ دیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق پیر کوہ میں ہیضہ کی وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے کوئٹہ سے آنے والے ماہر ڈاکٹروں کی 15 رکنی ٹیم نے کام شروع کردیا ہے جس کے لیے ایک لیبارٹری بھی قائم کردی گئی ہے جہاں تمام ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

ممتاز کھیتران نے بتایا کہ پیر کوہ کے شہریوں کو روزانہ 6 لاکھ لیٹر صاف پانی مہیا کیا جارہا ہے جب کہ جانوروں کو پانی دینے کے لیے پیرکوہ میں پانی کے سورس کو صاف کردیا گیا۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں