25 اور 29 مئی کے درمیان اسلام آباد مارچ ہوگا، حتمی تاریخ پرسوں مل جائے گی، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان نے ملتان جلسے میں اسلام آباد مارچ کی تاریخ کا اعلان نہ کرسکے۔

ملتان میں جلسے سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ملتان آپ کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں،شاندار استقبال پر، میں ہمیشہ دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ اس قوم کو بیدار کر دے۔

ان کا کہنا تھاکہ دنیا میں کوئی انقلاب کامیاب نہیں ہوتا جب نوجوان اور خواتین شرکت نہیں کرتے، چور اور ڈاکوؤں کے سامنے اپنا سر نہ جھکائیں، ذلت کا خوف، نوکری جانے کا خوف بڑے انسان کو چھوٹا بنا دیتا ہے، جب تک آپ خوف کے بت کو نہیں توڑیں گے، قوم کو عظیم نہیں بناسکتے۔

مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھاکہ ’مجھے کسی نے سوشل میڈیا پر تقریر بھیجی، مریم تقریر کر رہی تھی کل، اس میں اتنی دفعہ اور اس جذبے سے اور اس جنون سے میرا نام لیا کہ میں اس کو کہنا چاہتا ہوں کہ مریم دیکھو تھوڑا دھیان کرو تمہارا خاوند ہی ناراض نہ ہوجائے جس طرح تم بار بار میرا نام لیتی ہو‘۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ ویسے میں ہمیشہ سوچتا ہوں کہ ان کو اتنا زیادہ مجھ پر غصہ ہے کیوں؟ میں نے ان کا کیا بگاڑا ہے؟ ان کے کیسز تو پرانے بنے ہوئے ہیں، مقصود چپڑاسی کے علاوہ سارے کیسز پرانے ہیں۔

اسلام آباد مارچ کے حوالے سے سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ آج نئی ڈویلپمنٹ ہوئی ہے اور لوٹوں کو ڈی سیٹ کردیا گیا ہے لہٰذا میں نے اتوار کو پشاور میں کور کمیٹی کو بلایا ہے اور فیصلہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 25 اور 29 مئی کے درمیان اسلام آباد مارچ ہوگا، حتمی تاریخ پرسوں مل جائے گی اور چاہتا ہوں سب تیاری کریں۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ عوام کا سمندر آئے گا تو ہم نے ایک چیز مانگنی ہے کہ اسمبلی تحلیل اور الیکشن کا اعلان کب کرنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں