سابق صدرآصف علی زرداری سے ایم کیوایم رہنماؤں کی ملاقات ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی کے بلاول ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں اسلام آباد میں پی ڈی ایم رہنماؤں کی موجودگی میں طے پانے والے امور سے متعلق گفتگو ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے وفد میں خالد مقبول صدیقی، کنور نوید جمیل، جاوید حنیف اور صادق افتخار جبکہ صدر زرداری کے ہمراہ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، ناصر شاہ، سعید غنی، مرتضی وہاب و دیگر بھی موجود تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری سے ملاقات میں ایم کیوایم نے سندھ حکومت سے متعلق معاملات میں سست روی پر تشویش کا اظہار کیا۔
کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری سے ایم کیوایم کے وفد کی ملاقات
کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری اور ایم کیوایم وفد کے درمیان بلاول ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال@AAliZardari pic.twitter.com/uvT78L2lI3
— PPP (@MediaCellPPP) May 30, 2022
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم رہنماؤں نے سابق صدر سے شکوہ کیاکہ سندھ حکومت سے جس تعاون کی توقع تھی وہ نہیں مل سکا جبکہ تعیناتیوں سے متعلق بھی اعتماد میں نہیں لیا جارہا اور بلدیاتی نظام میں تبدیلیوں کا عمل بھی سست روی کا شکار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ ایم کیو ایم کے تحفظات فوری حل کیے جائیں۔
ذرائع کے مطابق کے سابق صدر کا کہنا تھاکہ ایم کیو ایم سے جو کچھ طے پایا ہے اس پر مکمل عمل کریں گے۔