انگلینڈ میں منکی پاکس کے مزید 71 کیسز سامنے آگئے۔
برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق منکی پاکس کے مزید 71 کیسز سامنے آنے کے بعد انگلینڈ میں 172 جبکہ برطانیہ میں اس وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 179 ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق اسکاٹ لینڈ میں 4، ناردرن آئرلینڈ میں 2 جبکہ ویلزمیں منکی پاکس کا ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
خیال رہے کہ اب تک دنیا کے مختلف ممالک میں منکی پاکس کے 300 سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور زیادہ تر کیس یورپی ممالک میں سامنے آئے۔
گزشتہ روز عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا کہ منکی پاکس کے پھیلاؤ کی عالمی وبا میں تبدیل ہونے کی توقع تو نہیں مگر ابھی بھی اس بیماری کے بارے میں بہت کچھ معلوم نہیں۔
ڈبلیو ایچ او کی منکی پاکس ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر روز منڈ لوئس نے کہا کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ بیماری پھیل کیسے رہی ہے اور کیا دہائیوں قبل چیچک ویکسین کا استعمال ختم کرنا اس کے پھیلاؤ کی وجہ تو نہیں۔
منکی پاکس کیا ہے؟
منکی پاکس دراصل ایک ایسا وائرس ہے جو بنیادی طور پر جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔ منکی پاکس، وائرس کے ’پاکس وائری ڈائے‘ (Poxviridae) فیملی سے تعلق رکھتا ہے، اس فیملی کو مزید 2 ذیلی خاندانوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں 22 پرجاتیاں ہیں اور مجموعی طور پر اس فیملی میں وائرس کی 83 اقسام ہیں۔
اس فیملی سے تعلق رکھنے والے وائرس میں ’اسمال پاکس‘ یعنی چیچک بھی شامل ہے اور علامات میں قریب ترین ہونے کی وجہ سے منکی پاکس کو اس کا کزن بھی کہا جاتا ہے۔
پاکستان میں اس بیماری کی صورتحال کیا ہے؟
پاکستان میں اب تک منکی پاکس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا البتہ حکومت نے اس حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔
ادارہ قومی صحت نے وفاقی اور صوبائی حکام کو منکی پاکس کے مشتبہ کیسز سے متعلق ہائی الرٹ جاری کیا ہے اور ملک کے تمام داخلی راستوں اور ائیر پورٹس پر مسافروں کی سخت نگرانی کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے