توانائی بحران میں شدت: بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار میگاواٹ سے بھی زیادہ ہوگیا

ملک میں توانائی کا بحران شدت اختیار کر گیا اور بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار میگاواٹ سے بھی زیادہ ہوگیا۔

پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب 28200 میگاواٹ ہوگئی ہے اور رسد 21200 میگاواٹ کے لگ بھگ ہے جس کے باعث شارٹ فال 7 ہزار میگاواٹ سے بھی تجاوز کرگیا ہے۔

ذرائع کےمطابق پن بجلی سے 4 ہزار 635 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے اور سرکاری تھرمل پاور پلانٹس ایک ہزار 60 میگاواٹ بجلی بنا رہے ہیں جب کہ آئی پی پیز سے 9 ہزار 677 میگاواٹ بجلی حاصل کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطا بق تیل گیس کوئلےکی قلت کے باعث متعدد پلانٹس بند ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے اور زیادہ لائن لاسز والے علاقوں میں بجلی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈیٹا کی عدم دستیابی کی وجہ سے شیڈول لوڈ شیڈنگ کا طریقہ کار استعمال ہی نہیں ہورہا۔

دوسری جانب توانائی بحران کے باعث کراچی اور لاہور میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور لیسکو کا شارٹ فال 800 میگاواٹ تک جا پہنچا ہے جس کےباعث شہر میں ہر 2 گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

اس کے علاوہ کراچی میں کے الیکٹرک کی جانب سے بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور 9سے 10 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں