وزیر اعظم نے بجٹ کو پاکستان کی معاشی بہتری اور استحکام کی طرف ٹھوس قدم قرار دے دیا

وزیر اعظم شہباز شریف نے بجٹ 23-2022کو پاکستان کی معاشی بہتری اور استحکام کی طرف ٹھوس قدم قرار دے دیا۔

شہباز شریف نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ‘ انتہائی بُرے معاشی حالات میں بہترین بجٹ اتحادی حکومت کے اخلاص اور قابلیت کا مظہر ہے ،بجٹ میں صاحب استطاعت سے قربانی مانگی گئی اور کمزور طبقات کو آسانی دی گئی’ ۔

ان کا کہنا تھا کہ زرعی مشینری،آلات،بیجوں سے اس شعبےسے منسلک آلات کو ٹیکس سے استثنیٰ دینے سے گرین انقلاب برپا ہوگا اور فصلوں کی پیداوار بڑھے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ وعدے کے مطابق ہائر ایجوکیشن سیکٹر کے بجٹ میں کوئی کٹوتی نہیں کی گئی اور ایچ ای سی کا ترقیاتی بجٹ 26ارب سے بڑھا کر 44 ارب روپے کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی مفاد کا نہیں سوچا، پاکستان اور 22 کروڑ عوام کا مفاد دیکھا ہے ۔بجٹ تیاری میں شریک ٹیم خاص طور پر وزیر خزانہ اور ان کے تمام ساتھیوں کو شاباش دیتا ہوں۔

واضح رہے کہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں مالی سال 23-2022 کا 95 کھرب 2 ارب روپے کا وفاقی بجٹ پیش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں