لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہےکہ سارے معاملات طے کریں گے تو بجٹ کا عمل آگے چلے گا۔
ایک بیان میں پرویز الٰہی نے کہا کہ اسمبلی میں اجنبی شخص کو نہیں بٹھا سکتا، آئین کے تحت ہمیں کسی کو بھی بلانے کا اختیار ہے، بچے آگئے ہیں، انہیں سمجھ نہیں ہے کہ ہاؤس اس طرح نہیں چل سکتا، اسمبلی کا آدھا اسٹاف یہ اٹھا کر لے گئے ہم آدھے اسٹاف کے ساتھ کام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معافی مانگنا پڑے گی، یہ ہاؤس کا معاملہ ہے، آج پنجاب کا بجٹ پیش ہوجائے گا لیکن سارے معاملات طے کریں گے تو آگے بجٹ کا عمل چلے گا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہمارے ممبران کے خلاف کیسز بنائے گئے ، آئی جی پولیس اور چیف سیکرٹری کو اسمبلی آنا پڑے گا، وزیراعلیٰ بھی ایوان میں ایک ممبر ہیں انہیں رولز کے مطابق چلنا ہوگا، ایوان میں ہماری تعداد ان سے زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس بدنظمی کےباعث ملتوی کیا گیا اور صوبے کا بجٹ پیش نہیں کیا گیا جس کے بعد بجٹ کے لیے اجلاس آج طلب کیا گیاہے۔