اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے اعتراف کیا ہےکہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی پی ٹی آئی کی سب سے بڑی غلطی تھی اور ماضی کی تعیناتیوں میں اُن سے کئی غلطیاں ہوئیں۔
سابق وفاقی وزیر حماد اظہر لاہور میں صوبائی الیکشن کمشنر کے دفتر پہنچے جہاں انہوں نے ووٹ کی تصدیق کیلئے 8300 پر کیے جانےوالےمیسج پر پیسے کاٹنے کا اقدام چیلنج کردیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں حماد اظہر نے کہا کہ لاکھوں ووٹرز کے ووٹ دوسرے حلقوں یا شہروں میں منتقل کر دیے گئے ،چیف الیکشن کمشنر کی غیر جانبداری پربہت سنجیدہ تحفظات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کےضمنی انتخابات والے 20حلقوں میں ووٹرز کی تصدیق 2018 کی فہرستوں کے مطابق کی جائے۔
حماد اظہر نے اعتراف کیا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی پی ٹی آئی کی سب سے بڑی غلطی تھی اور ماضی کی تعیناتیوں میں اُن سے کئی غلطیاں ہوئیں۔
سابق وزیر کا کہنا تھا کہ نیشنل سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں لکھا گیا کہ واضح مداخلت ہوئی ہے، امپورٹڈ حکومت عوام کے ووٹ سے نہیں بلکہ بیرونی سازش سے آئی ،یہ نالائق الیون ہے، مفتاح اسماعیل اور رانا ثنااللہ جیسےلوگوں کو بٹھا دیا گیا ، ہم جلد الیکشن چاہتے ہیں۔