حکومت کا پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے غریبوں کو بچانے کیلئے اقدامات کا اعلان

حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے غریبوں کو بچانے کے لیے اقدامات کا اعلان بھی کر دیا۔

وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے گزشتہ روز اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو غریب لوگ پیٹرول کی قیمت برداشت نہیں کر سکتے وہ 786 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر بھیجیں ، ان کے ریکارڈ کا جائزہ لے کر انہیں بھی ماہانہ 2 ہزار روپے دیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تازہ اقدام سے 60 لاکھ مزید پاکستانیوں کو فائدہ ہو گا، یہ رقم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت دیے جانے والے اضافی دو ہزار روپے کے علاوہ ہو گی۔

وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ حکومت کے اس امدادی پروگرام سے 8 کروڑ سے زائد پاکستانی فائدہ اٹھا سکیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا جس کے بعد پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 24.03 روپے اضافہ کیا جارہا ہے جبکہ ڈیزل پر 59.16 روپے، لائٹ ڈیزل آئل پر 39.16 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 39.49 روپے فی لیٹر اضافہ کیا جارہا ہے۔

قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 233.89 روپے، ڈیزل 263.31 روپے، مٹی کا تیل 211.43 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 207.47 روپے ہوگئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں