عمران خان نے امریکا کے مبینہ مراسلے سے متعلق پاک فوج کے ترجمان کا بیان مسترد کر دیا

سابق وزیراعظم عمران خان نے امریکا کے مبینہ مراسلے سے متعلق پاک فوج کے ترجمان کا بیان مسترد کر دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے سوشل میڈیا پر سوال و جواب کے سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر یہ فیصلہ نہیں کر سکتے کہ سازش ہوئی ہے یا نہیں؟ وہ صرف رائے دے سکتے ہیں، فیصلہ کرانا ہے تو چیف جسٹس سے کرائیں۔

بعد ازاں جواب میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل ، میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ انہوں نے اپنی رائے نہیں دی، انٹیلی جینس معلومات کی بنیاد پر جو سامنے آیا وہ بتا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اس معاملے کی تحقیقات کسی سے بھی کرائے، اداروں کو اعتراض نہیں، ادارے تحقیقات میں تعاون کریں گے۔

وا ضح رہے کہ اس سے قبل نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں عسکری قیادت موجود تھی، واضح طور پر شرکاء کو بریف کیا گیاکہ کسی قسم کی سازش کے شواہد نہیں، ایسا کچھ نہیں ہوا، شرکاء کو مفصل انداز میں بتایا گیا کہ کسی سازش کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں