پاکستان اور سری لنکا کے مابین ہونے والی سیریز کے وینیوز پر مشاورت طویل ہونے کی وجہ سے شیڈول کا اعلان تاخیر کا شکار ہے۔
ذرائع کے مطابق سری لنکا کرکٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کو آج ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کا اعلان کرنے کا کہا ہے۔
سیریز میں 2 ٹیسٹ میچز سے قبل ایک 3 روزہ پریکٹس میچ بھی شامل ہوگا، ٹیسٹ میچز 16 اور 24 جولائی سے کولمبو اور گال میں شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ قومی اسکواڈ جولائی کے پہلے ہفتے میں سری لنکا روانہ ہو گا۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ شیڈول کے اعلان کے بعد قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا، ٹیسٹ اسکواڈ کو مزید بہتر بنانے کیلئے معمولی ردو بدل کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ ٹیم میں آل راؤنڈر محمد نواز اور اسپنر یاسر شاہ کی واپسی ممکن ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیسٹ اسکواڈ 25 جون کو راولپنڈی میں رپورٹ کرے گا جبکہ 26 جون سے کیمپ کا باقاعدہ آغاز ہو گا۔