لاہور ائیرپورٹ پر 15 روز میں جہازوں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں اضافے کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر ادارے حرکت میں آگئے۔
لاہورائیرپورٹ پر طیاروں سے پرندے ٹکرانےکے واقعات معمول بنتے جارہےہیں جس میں پرندے ٹکرانے سے نہ صرف طیاروں کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوتا ہے اور مسافروں کی زندگیوں کو بھی خطرات لاحق ہوجاتے ہیں۔
پرندوں کے طیاروں سے ٹکرانے کے واقعات رپورٹ ہونے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی اوردیگر ادارے حرکت میں آگئے ہیں جس کے پیش نظر انتظامیہ نے پرندوں کو بھگانے کے لیے پٹاخے چھوڑنے شروع کردیے جب کہ ساتھ ہی ا سپرے کرنے کے علاوہ برڈشوٹرز بھی تعینات کردیے گئے ہیں۔
وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے لاہورائیرپورٹ پر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی میٹنگ بلائی اورپرندوں کی فوری روک تھام کرنے ہدایات جاری کیں۔
ائیرلائنز کی شکایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے صرف نوٹم جاری کر نے پر اکتفا کیا جس میں کہا گیا ہےکہ ائیر لائنز طیاروں کو پرندوں سے محفوظ رکھنے کے لیے انتظامات کریں۔
سی اےاے کے مطابق ائیرپورٹ کےقریب شادی ہالز، گوشت کی دکانیں اور کچرہ کنڈیاں پرندوں کی افزائش کا باعث بن رہی ہیں تاہم توجہ دلانے کےباوجود ضلعی انتظامیہ کچھ نہیں کررہی ہے۔